منگلورو10/اپریل (ایس او نیوز) کورنا وائرس متاثر ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کے لئے مشتبہ لوگوں کے گلے سے جو تھوک کے نمونے حاصل کیے جاتے ہیں ان کی جانچ کی سہولت تاحال شیموگہ میں ہی دستیاب تھی، اور تمام اضلاع سے ایک ہی لیباریٹری میں نمونے بھیجے جانے کی وجہ سے رپورٹ آنے میں تاخیر ہورہی تھی۔
ریاستی حکومت نے اس دشواری کو دور کرنے کے لئے منگلورو کے وینلاک اسپتال میں واقع لیباریٹری کو اس قابل بنادیا ہے کہ یہاں وائرس کی جانچ کی جاسکے۔ اب اس لیباریٹری میں جانچ کا عمل شروع ہوگیا ہے اورریاستی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق آئندہ جنوبی کینرا، اڈپیاور شمالی کینرا کے تین اضلاع سے تھوک کے نمونے اسی لیباریٹری میں بھیجے جائیں گے۔
ضلع جنوبی کینرا میں اب تک 12معاملے پازیٹیو نکلے تھے، جن میں سے 8 افراد اسپتال میں ابھی زیر علاج ہیں اور 4لوگوں کواسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔سولیا میں ایک شخص کی کووڈ 19جانچ رپورٹ پوزیٹیو آنے کے پس منظر میں گرام پنچایت صدر، پی ڈی او،گرام پنچایت کے8اراکین سمیت اس گھر کے اطراف کے 44 لوگوں کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مینگلور میں وینلاک اسپتال میں تھوک کی جانچ کی سہولت شروع ہوتے ہی ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل کے مشتبہ کورونا مریضوں کے نمونے بھی اب مینگلور روانہ کئے جارہے ہیں۔